نئی دہلی، 8 ؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مرکزی کابینہ میں ہوئی حالیہ توسیع کے ساتھ ہی وہاں کروڑپتیوں کی تعداد بڑھ کر 72ہو گئی ہے جبکہ علانیہ مجرمانہ مقدمات کا سامنا کر رہے وزراء کی تعداد 24ہو گئی ہے۔گزشتہ ہفتے 19نئے وزراء کو کابینہ میں شامل کیا گیا تھا جبکہ پانچ کو باہر کاراستہ دکھادیا گیا تھا۔ابھی مودی کابینہ میں 78وزیر ہیں۔دہلی کے تھنک ٹینک ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمرس(اے ڈی آر )کے مطابق کابینہ میں شامل کئے گئے نئے وزراء کی اوسطا جائیداد 8.73کروڑ روپے ہے جبکہ پوری کابینہ کی اوسطا جائیداد 12.94کروڑ روپے ہے۔اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق نئے وزراء میں مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا رکن ایم جے اکبر کے پاس سب سے زیادہ44.90کروڑ روپے کی اعلانیہ جائیداد ہے۔دوسرے نمبر پر پی پی چودھری35.35کروڑ روپے اور تیسرے نمبر پر وجے گوئل29.97کروڑ روپے کانمبر آتاہے ، دونوں راجستھان سے راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ایک کروڑ روپے سے زائد کی جائیداد والے نئے وزراء میں رمیش جگاجیناگی، پرشوتتم روپالا، انوپریا پٹیل، مہندر ناتھ،پھگن سنگھ کلستے، راجین گوہین، ایس ایس اہلوالیہ ، ارجن رام میگھوال، سی آر چودھری، من سکھ بھائی لکشمن بھائی منڈاویا اور کرشنا راج شامل ہیں۔اے ڈی آر کے مطابق 78مرکزی وزراء میں 9 وزراء نے اپنے پاس 30کروڑ روپے سے زائد کی ملکیت ہونے کا اعلان کیا ہے جن میں وزیر خزانہ ارون جیٹلی113کروڑ روپے :، فوڈ پروسیسنگ کی وزیرہرسمرت کور بادل108کروڑ روپے سے اور بجلی کے وزیر گوئل پیوش 95ملین وغیرہ شامل ہیں۔نئے وزراء میں وزیر ماحولیات اور مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا رکن انل مادھو دوے کے پاس سب سے زیادہ 60.97لاکھ روپے کی جائیداد ہے۔کل چھ وزراء نے اعلان کیا کہ ان کے پاس ایک کروڑ روپے سے کم کی ملکیت ہے۔نئے وزراء میں 7 نے اعلان کیاہے کہ ان کے خلاف مجرمانہ مقدمات چل رہے ہیں۔ایسے میں 78رکنی مودی کابینہ میں ایسے وزراء کی تعداد 24ہے۔جہاں تک وزراء کی عمر کی بات ہے تو اس مطالعہ میں کہا گیا ہے کہ تین کی عمر 31اور 40سال کے درمیان ہے، 44وزراء کی عمر 41اور 60سال کے درمیان ہے اور 31وزراء 61اور 80سال کے درمیان ہیں۔اے ڈی آر نے تمام وزراء کی طرف سے اپنے اپنے لوک سبھا اور راجیہ سبھا انتخابات میں دائرحلف ناموں کا تجزیہ کر کے کہا ہے کہ ابھی کابینہ میں کل 9 خواتین وزیر ہیں۔کابینہ کے 78وزراء میں 14ایسے ہیں جو 12ویں پاس یا اس سے بھی کم پڑھے لکھے ہیں، 63نے گریجویشن یا اس سے زیادہ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔